اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،مظلوموں کی توانا آوازسابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق حرمِ امام حسینؑ کی دعوت پر کربلائے معلیٰ عراق پہنچ گئے ہیں۔ ان کے ہمراہ پاکستان کی مختلف سیاسی، مذہبی اور صحافی شخصیات بھی موجود ہیں، جو اس دورے میں شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق وفد نے کربلا میں حرمِ امام حسینؑ کی زیارت کی اور مختلف مذہبی و سماجی سرگرمیوں میں شرکت کی۔ مبصرین کے مطابق ایسے مذہبی روابط پاکستان میں بین المسالک ہم آہنگی اور اتحادِ بین المسلمین کے فروغ میں مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔
سراج الحق نے اپنے فیس بک پیج پر حرمِ امام حسینؑ کا ذکر کرتے ہوئے "امام حسینؑ” لکھا، جسے متعدد صارفین نے اہلِ بیتؑ کے احترام کے اظہار کے طور پر دیکھا۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف حلقوں کی جانب سے متنوع ردِعمل بھی سامنے آیا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مذہبی شخصیات کے درمیان احترام، مکالمہ اور باہمی روابط معاشرے میں برداشت، رواداری اور اتحاد کی فضا کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ سراج الحق کے ہمراہ معروف پاکستانی صحافی اور اینکر پرسن وسیم عباس بادامی اور ارشاد بھٹی بھی دورہ کربلا میں موجود ہیں۔
آپ کا تبصرہ